سندھ حکومت کا شاہ عبداللطیف کے عرس پر عام تعطیل کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں 22 ستمبر بروز بدھ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس پر سندھ بھر میں 22 ستمبر کو عام تعطیل ہوگی۔
شاہ جو رسالو کے ذریعے پوری دنیا کو امن کا پیغام دینے والے صوفی بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے 1689 میں ضلع مٹیاری کے تعلقہ ہالا میں سید حبیب شاہ کے گھر میں آنکھ کھولی۔
آپ کے بزرگوں کا تعلق ہرات افغانستان سے تھا، آپ تصوف کی جانب مائل ہوئے، تلاش حق کے لیے کئی طویل سفر کیے جن کے تجربات کی جھلک آپ کی شاعری میں ملتی ہے۔
آپ کے صوفیانہ کلام میں امن اور محبت کا درس، دنیا سے بے رغبتی اور عشق حقیقی کی تڑپ صاف نظرآتی ہے۔
ہر سال ماہ صفر کی 14 تاریخ کو بھٹ شاہ میں آپ کا تین روزہ عرس منایا جاتا ہے جس کے دوران مختلف پروگرام اور سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر میلہ بھی لگتا ہے اور تینوں دن مزار پر محفل سماع جاری رہتی ہے، جس میں شاہ عبداللطیف بھٹائی سے منسوب ساز تنبورا بجایا جاتا ہے۔

AnniversaryGovt of sindhholiday in sindhShah Abdul Latif Bhitai