ثقلین مشتاق کا لیجنڈ جاوید میانداد سے بدتمیزی کا اعتراف

لاہور: پاکستان کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے دُنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز جاوید میانداد سے بدتمیزی کا اعتراف کیا ہے
ثقلین مشتاق نے معروف یوٹیوبر نادر علی سے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کی طرف سے کیریئر میسیج نہیں آرہا تھا جب کہ اِن دنوں انجری کی وجہ سے پریشان تھا، جاوید میانداد کوچ تھے اُن سے بات کی تو تسلی بخش جواب نہ ملنے پر واقعہ پیش آیا۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ میری آواز تیز تھی، غصے میں جاوید بھائی سے کہا کہ آپ کو پتا ہوگا مجھے کھلائیں گے یا نہیں! ورنہ گھر بھیج دیں، تو انہوں نے مجھے جواب دیا کہ بدتمیز اپنی آواز نیچے کرو، میں غصے میں تھا، میں نے کہہ دیا میں آپ کو مار بھی سکتا ہوں۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ سعید انور اور میں جاوید میانداد کے گھر گئے، جہاں میں نے اُن سے معافی مانگی، تو جاوید میانداد نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجھے گلے لگایا اور معاملہ ختم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد ایسا کبھی نہیں ہوا کہ جاوید بھائی نے مجھ سے صحیح سے بات نہ کی ہو بلکہ ٹیم میں بھی کھیلا، بعدازاں ہم نے پی ٹی وی پر ایک ساتھ کام کیا۔

Big RevealedInterviewJaved miandadSaqlain Mushtaq