سری لنکا میں صدر کا انتخاب، رانیل وکرما سنگھے سربراہ مملکت منتخب

کولمبو: قائم مقام صدر کی حیثیت سے ذمے داریاں رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے صدر منتخب ہوگئے۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق سری لنکا کی پارلیمنٹ میں ارکان نے نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ قائم مقام صدر وکرما سنگھے سمیت تین امیدوار صدارت کی دوڑ میں شامل تھے۔
صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ کے اطراف سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی اورہزاروں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ سیکڑوں مظاہرین پارلیمنٹ کے باہر جمع ہوئے۔ قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے چھ مرتبہ سری لنکا کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے ملک سے فرار ہونے کے بعد قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ بدترین معاشی بحران کے نتیجے میں عوامی احتجاج اورمظاہروں کے باعث سابق صدر ملک چھوڑ کر فرار ہوئے تھے۔
گذشتہ کئی مہینوں سے سری لنکا شدید اقتصادی اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ ملک میں خوراک، ایندھن اور ادویہ سمیت دیگر ضروری اشیا کی شدید قلت ہے۔ حالیہ پُرتشدد واقعات میں مظاہرین نے نومنتخب صدر اور 6 بار سری لنکا کے وزیراعظم رہنے والے رانیل وکرما سنگھے کا آبائی گھر بھی نذرآتش کردیا تھا۔

Elect Sri lanka PresidentFinancial and political crisisParliamentRanil WikramasingheSri lanka