لوڈشیڈنگ سے نجات کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ سے نجات کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ پر قابوپانا ہماری ذمے داری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں، سابق حکومت نے سستی گیس خریدنے کا موقع گنوادیا اور ہم نے مہنگی گیس خریدنے سے گریز کیا جب کہ قطر کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر سابق حکومت نے الزامات لگائے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے بجلی کے پلانٹس کی مرمت کا کام نہیں کیا، لوڈشیڈنگ پر قابوپانا ہماری ذمے داری ہے، عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے سرتوڑکوششیں کررہے ہیں۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئے، عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور حالات پر قابو پالیں گے۔

Energy CrisisLoadsheddingPrime Minister PakistanShahbaz sharif