دورۂ چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دورۂ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشیر قومی سلامتی معید یوسف، وفاقی وزیر شوکت ترین، فواد چودھری، اسد عمر، حماد اظہر، عبدالرزاق داؤد اور فرخ حبیب شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو پاکستان اور چین کے مابین سی پیک، اسپیشل اکنامک زونز، سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے جاری ٹھوس منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انڈسٹریل زونز پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم تھری اکنامک زون میں صنعتوں کے قیام کے لیے 600 ایکڑ اراضی میسر کردی گئی ہے، بجلی کی فراہمی کے بعد انفرا اسٹرکچر پر کام تیزی سے جاری ہے، سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا، پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے تمام اقدامات کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کے لیے اس وقت موزوں ترین ملک ہے، صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے ناصرف روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر اسپیشل اکنامک زونز کا نظام پلگ اینڈ پلے ماڈل پر یقینی بنارہی ہے۔
دھیان رہے کہ وزیراعظم تین روزہ دورے پر کل چین روانہ ہوں گے، چینی صدراور ہم منصب سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے اور عمران خان ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

Army chiefCabinetMeetingPM Imran KhanPM Visit China