پٹرولیم قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت خزانہ کو بھیج دی گئی

اسلام آباد: بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے لیے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ مکمل کرلی، جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اوگرا کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 33 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے جب کہ نئی قیمتوں کا اعلان وزارت خزانہ کرے گی۔
وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سمری تیار کی گئی ہے اور وزارت خزانہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے سمری آگے ارسال کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا تمام ریلیف عوام کو منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت پٹرولیم نے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو بھجوادی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزارت پٹرولیم اور خزانہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کی تھی۔
وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا تھا۔

Ministry for petroleumPetroleum productPM Shahbaz Sharifrate reducereduce summary sent finance ministryWorld market