پی ٹی آئی نے ملکی سالمیت پر حملہ کیا، پابندی لگائی جائے، طارق حسن

کراچیٖ: مسلم لیگ ق سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی طارق حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اداروں پر ایسے حملے نہیں ہوئے، اداروں پر حملے پاکستان پر حملہ تصور کرتے ہیں، پی ٹی آئی نے پاکستان کی سالمیت پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔
طارق حسن کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں شرپسند عناصر ہیں جن کے تانے بانے غیر ملکی اداروں سے ملتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو پر حملے کی کوشش کی، کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر فوری پابندی لگاکر ان کے رہنماؤں کو گرفتار کیا جائے، پی ٹی آئی کے دفاتر بند کیے جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سابق حکمراں جماعت نے مذاکرات کے تمام راستے بند کردیے، پی ٹی آئی سے اب کوئی بات نہیں ہونا چاہیے، ان کے خلاف بس ایکشن ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کو نیب کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، اگر پی ٹی آئی سربراہ بے گناہ ہیں تو بری ہوجائیں گے، کس خوف کا شکار ہیں؟۔
ق لیگ کے رہنما طارق حسن نے کہا کہ کراچی میں حکومت کی چلائی گئی بسوں کو جلایا گیا، گاڑیوں کو جلایا گیا، جو زیادتی کی گئی ہے اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ یہ عمران خان نہیں طالبان خان ہے، جس طرح تنصیبات پر حملے کیے گئے ایسا لگا جیسے شرپسند تربیت یافتہ تھے، پی ٹی آئی کے عہدیدار اور کارکنان ان شرپسند کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

Imran KhanPML Q Sindh PresidentPress conferencePTITariq Hassan