اچھی ساس بنوں گی، اداکارہ نہ ہوتی تو ڈاکٹریا نرس ہوتی: ماہرہ خان

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی زندگی سے متعلق نہایت دلچسپ باتیں کیں۔
اداکارہ نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی، اس دوران میزبان ندا یاسر نے ماہرہ سے پوچھا کہ آپ اپنے پیسے کن چیزوں پر خرچ کرتی ہیں تو ماہرہ نے کہا کہ مجھے نہ گاڑیوں کا شوق ہے اور نہ ہی زیور بنانے کا شوق ہے، لیکن مجھے جوتے خریدنا بہت پسند ہے اور اچھے جوتے میری کمزوری ہیں۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کے پاس بہت اچھے اور مہنگے جوتے ہیں اور جب میرے بیٹے اذلان کی بیوی یعنی میری بہو آئے گی تو میں اسے تحفے میں اپنے جوتے دوں گی۔ ندا نے ماہرہ سے پوچھا آپ کیسی ساس بنیں گی، کیا اپنی بہو کو تنگ کرنے والی ساس بنیں گی تو ماہرہ نے کہا نہیں میں بہت اچھی ساس بنوں گی۔
ماہرہ خان نے کہا کہ میرے کالج کے کچھ دوست نجی ٹی وی میں کام کرتے تھے میں چھٹیوں کے دوران انہیں پک کرنے گئی تھی جہاں مجھے غضنفرعلی نے دیکھا اور مجھے وی جے بننے کی آفر کی لیکن میں نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ میں وی جے نہیں مووی اسٹار بننا چاہتی ہوں، لیکن بعد میں میں نے یہ پیشکش قبول کرلی۔
میزبان نے ماہرہ خان سے پوچھا اگر آپ اداکارہ نہ ہوتیں تو کیا ہوتیں، جواب میں ماہرہ نے کہا میں جونیئر آرٹسٹ، ڈاکٹر یا نرس ہوتی کیونکہ مجھے لوگوں کی مرہم پٹی کرنا اچھا لگتا ہے۔

ActressMahira KhanTV Show