خلیل الرحمان قمر کو تنقید کا سامنا کیوں کرنا پڑرہا ہے؟

لاہور: معروف مصنف خلیل الرحمان قمر ایک مرتبہ پھر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
خلیل الرحمان قمر حال ہی میں ایک مقامی نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں شریک ہوئے اور اس دوران چار شادیوں سے متعلق مباحثے کے دوران ان کی ایک خاتون سماجی کارکن اور مہمان ایلیا زہرا سے اختلاف پر تکرار ہوگئی اور وہ شو چھوڑ کر چلے گئے۔
میزبان کی جانب سے احترام سے بات کرنے کی تاکید کرنے پر خلیل الرحمان شو چھوڑ کر چلے گئے۔
چینل کے عملے کی جانب سے مصنف کو واپس لانے کی بھی کوشش کی گئی، لیکن خلیل الرحمان قمر واپس آنے پر رضامند نہ ہوئے۔
بعد ازاں سماجی کارکن ایلیا زہرا نے بھی ٹی وی پر پیش آنے والے واقعے اور خلیل الرحمان کے لب ولہجے کے متعلق ٹویٹ کی۔
ایلیا زہرا کے مطابق خلیل الرحمان نے ان کے لیے ’را‘ کا ایجنٹ اور غیر اخلاقی لفظوں کا استعمال کیا۔
ایلیا کی ٹویٹ کے بعد ٹویٹر پر خلیل الرحمان قمر کے خاتون کے لیے استعمال کیے گئے نامناسب لب ولہجے کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ایک صارف کا مصنف پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خلیل الرحمان کو کچھ آداب سیکھنے چاہئیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ ان کے پاس اس سوال کا جواب نہیں۔
ایک صارف نے ایلیا کی حمایت کرتے ہوئے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے افسوس ہے کہ آپ کو اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا لیکن درحقیقت مجھے خوشی ہے انہیں شو سے جانا پڑا، کتنا بیوقوف آدمی ہے حتیٰ کہ انہیں گفتگو کے لیے بلایا ہی کیوں جاتا ہے، ان چینلز کو تنازعات کی تلاش رہتی ہے۔
طوبیٰ نامی ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس شخص کو ٹاک شو میں آنے کی اجازت کیوں دی جاتی ہے؟
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب خلیل الرحمان قمر اپنے سخت لب و لہجے کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔
انہوں نے گزشتہ برس بھی نجی ٹی وی کے پروگرام میں سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ عورت مارچ کے معاملے پر بحث کے دوران سخت گفتگو کی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

criticismKhalil ur rehman qamar