ایف اے ٹی ایف، آج پاکستان کے گرے لسٹ میں رہنے یا نکلنے کا فیصلہ ہوگا

اسلام آباد: پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے متعلق فیصلہ آج ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 13 جون سے جاری ہے جس کا آج آخری روز ہے، ایف اے ٹی ایف کے پلینری اجلاس میں پاکستان کو کارکردگی کی بنیاد پر گرے لسٹ سے نکالنے یا مزید رکھنے کا فیصلہ آج کیا جائے گا جس کا اعلان آج رات ایف اے ٹی ایف کی جانب سے کیا جائے گا۔
خارجہ امور کی وزیرمملکت اور اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہ حنا ربانی کھر نے ٹوئٹ میں کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کا پلینری اجلاس برلن میں جاری ہے۔ ایف اے ٹی ایف اجلاس کے اختتام پر باضابطہ بیان جاری کرے گا۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس اور اس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔ ہفتے کی صبح وزارت خارجہ میں میڈیا بریفنگ کی جائے گی جس میں اجلاس سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
پلینری اجلاس میں پاکستان کی 2018 اور2021 کی کارکردگی پر بحث ہو گی اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اورانٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ یعنی آئی سی آر جی کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان اس وقت ایف اے ٹی ایف کی 2018 میں دی گئی 27 میں سے 26 سفارشات مکمل کر چکا ہے جبکہ 2021 میں ایف اے ٹی ایف کی ذیلی شاخ ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کی جانب سے دیے گئے سات نکات میں سے چھ کوبھی قبل از وقت مکمل کر چکا ہے۔پاکستان کو 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ کا حصہ بنایا گیا تھا جس کے بعد سے پاکستان میں سرمایہ لگانے والے ممالک کی تعداد قدرے کم ہوگئی تھی۔

Decision TodayFATFGray listHina Rabbani KharPakistan