توانائی بحران ،صوبے بازار رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے پر متفق

اسلام آباد: صوبوں نے ملک میں توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے بازار رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں این ای سی کے اجلاس میں اہم مشاورت مکمل کرلی گئی، جس میں تمام وزرائے اعلیٰ نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ملک گیر اقدامات پر وفاقی کابینہ کےفیصلوں کی تائید کی ہے۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ کے 7 جون کے اجلاس میں توانائی کی بچت کے حوالے سے تجاویز اور فیصلوں سے متعلق صوبائی وزرائے اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا۔ چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔
سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائےاعلیٰ نے دودن کی مہلت مانگی تاکہ وہ اپنے صوبوں میں تجارتی وکارباری تنظیموں سے مشاورت مکمل کریں۔ علاوہ ازیں اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کی۔وزرائے اعلیٰ نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔

Big decisionEnergy CrisisMarket close 8:30 PMProvincial Govt