ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر، 174 روپے سے بھی تجاوز کرگیا

کراچی: پاکستانی روپے کی بے توقیری اور ناقدری انتہائی حدوں تک پہنچ گئی، ڈالر کے مقابلے میں اس کی تاریخی گراوٹ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ایک امریکی ڈالر انٹر بینک میں 174 روپے سے بھی تجاوز کرگیا۔
بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا اور ایک امریکی ڈالر 76 پیسے اضافے کے بعد 173 روپے 53 پیسے پر جاپہنچا تھا، تاہم آج ڈالر نے نئی بلندترین سطح کو چھو لیا اور ڈالر کے انٹربینک ریٹ اتار چڑھاؤ کے بعد 174 روپے سے بھی تجاوز کرگئے ہیں، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 63 پیسے اضافے سے 174.10 روپے کی نئی بلند سطح پر آگیا۔
سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ کے مطابق ملک کے اقتصادی حالات اور ترسیلاتِ زر کی آمد کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہیں، زرِمبادلہ ذخائر اور ترسیلات میں بہتری کے باعث ڈالر کی قدر 150 سے 155 تک ہونی چاہیے، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں تاخیر کی اطلاعات سے درآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے، آئی ایم ایف کے سخت مطالبات سے محسوس ہوتا ہے کہ روپے کو بے قدر کیا جائے گا۔

Dollar rate increaseInterbankOpen MarketPakistan