ڈالر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 238 روپے پر براجمان

کراچی: امریکی ڈالر وطن عزیز میں روز ہی نت نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 5.56روپے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 238.48روپے پر پہنچ گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بے یقینی سیاسی صورت حال، ہفتہ وار بنیادوں پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تسلسل سے کمی اور آنے والے دنوں میں روپے کی قدر مزید گھٹنے کے خدشات کے پیش نظر درآمدی شعبوں کی لیٹر آف کریڈٹس کھولنے کی رفتار تیز ہوگئی ہے جس سے روپیہ پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔
برآمد کنندگان زرمبادلہ کی صورت میں موصول ہونے والی اپنی برآمدی آمدن کو باہر لانے سے گریز کررہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سیاسی حالات بہتر نہیں ہوتے اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت قرضوں کی قسط جاری نہیں ہوتی اس وقت تک روپیہ بے قدر رہے گا اور ڈالر کی اڑان جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو اُس وقت ڈالر 189 روپے پر براجمان تھا۔ پچھلے کچھ دنوں سے ڈالر کی قیمت میں ہوش رُبا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

American dollarhighest rate in pakistan historyInter BankOpen MarketPolitical crisis in Pakistan