ہوسکتا ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے پہلے انتخابات کرادیے جائیں: وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کرادیے جائیں، نومبر سے پہلے نگراں حکومت تشکیل پانے کے بھی امکانات موجود ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ آرمی چیف کہہ چکے انہیں مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہیے۔ اگر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام سینیارٹی لسٹ میں ہوا تو بالکل غور کیا جائے گا۔ ان سب ناموں پر غور ہو گا جو اس فہرست میں موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر عمران خان اپنی مرضی چاہتے تھے تاکہ ان کے سیاسی مفادات اور حکمرانی کے تسلسل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ عمران حکومت کی تبدیلی کی وجہ بنا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے فوج کے بھیجے ناموں میں سے کسی کو منتخب کر لے، تعیناتی میرٹ پر ہو گی، فوج کا تقدس ہے یہ پبلک ڈومین میں موضوع بحث نہیں بننا چاہیے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ نومبر سے پہلے نگراں حکومت چلی جائے اور نئی حکومت آ جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بیانیوں کے پیچھے اپنی ناکامی چھپا رہے ہیں، وہ بیک وقت مذہب اور امریکا مخالف بیانیہ دہرا رہے ہیں۔ ان کے بیانیے کی جنگ میں ن لیگ کی شکست کا کوئی امکان نہیں۔ عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ سیاستدانوں کے متبادل کے طور پر سامنے لائی ۔ یہ تجربہ کیا گیا اور اس سے ملک کو نقصان ہوا۔ 2018 میں یہ سب کچھ فوج نے بنایا تھا اور اب جب وہ پیچھے ہوئے تو سب اتحاد بکھر گیا۔ اب آپ کہتے ہیں کہ وکٹیں دوبارہ لگا دو، اس طرح نہیں ہوتا، ملک اس وقت انتہائی مخدوش حالت میں ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ شرم ناک ہے، فوج مخالف بیانیہ زیادہ عرصہ نہیں چلے گا، ہم یقینی طور پر اسٹیبلشمنٹ کے نیوٹرل رول کا دفاع کریں گے، عمران خان کے خلاف کارروائی اور ایسے معاملات میں قانون پر عمل درآمد کے حق میں ہیں۔

Defence Minister Khawaja AsifElectionEx Pm Imran KhanInterviewNew Army Chief