15 روز میں کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کرنے کا عدالتی حکم

کراچی: عدالت عالیہ سندھ نے 15 روز میں الیکشن کمیشن کو کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں اور کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے اور سندھ حکومت الیکشن کمیشن کو نفری فراہم کرے۔
سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستوں پر سماعت کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ عدالت الیکشن کمیشن کو مجبور نہیں کرسکتی، الیکشن کمیشن 3 دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق 60 روز میں تمام اقدامات مکمل کرے۔
عدالت نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 2 ماہ کے اندراندر ہونی چاہیے، حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی اور تمام سہولتیں دینے کی پابند ہے، چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ ضروری اقدامات کے پابند ہوں گے۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ایم کیوایم نے قانون سازی، حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کی درستی تک الیکشن نہ کرانے کی استدعا کی، ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی اداروں کو اختیارات ملنے تک الیکشن نہ کرانے کی تجویز دی مگر ایم کیو ایم کی درخواستوں میں ایسا ٹھوس موقف نہیں اور اس موقف میں اتنی جان نہیں جس بنیاد پر الیکشن ملتوی کیے جائیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق سیلابی صورت حال اور سیکیورٹی کی عدم فراہمی پر 4 ماہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہیں، سیلاب کی وجہ سے ابھی تک الیکشن شیڈول ہمارے سامنے نہیں ہے، اتنے عرصے کے دوران حکومت کو اس کا کوئی نہ کوئی حل نکالنا چاہیے تھا، سیکیورٹی کی عدم فراہمی کی بنیاد پر الیکشن غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں ہوسکتے۔
یاد رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو ہونا تھے، لیکن سندھ حکومت نے سیلاب کی صورت حال کے پیش نظر پولیس کی نفری نہ ہونے پر سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 28 اگست رکھی گئی، لیکن اس تاریخ کو بھی الیکشن نہ ہونے پر ایک بار پھر تاریخ 23 اکتوبر رکھی گئی تھی مگر تیسری مرتبہ بھی انتخابات ملتوی کردیے گئے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی کراچی میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔

election commission of pakistanKarachi & HyderabadLocal Govt Election Schedule issuePTI & Jamaat e Islami PetitionSindh High Court Order