کامن ویلتھ گیمز: پاکستان اور جنوبی افریقا کا ہاکی مقابلہ برابر

لندن: کامن ویلتھ گیمز کا افتتاحی مقابلہ پاکستان ہاکی ٹیم اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا گیا، جو 2-2 سے برابر رہا۔
برمنگھم ہاکی کلب میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر کے 14ویں منٹ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے بیوچر نے شارٹ کارنر کے ذریعے گول اسکور کیا، جسے 25 ویں منٹ میں پاکستان کے رضوان علی نے شارٹ کارنر کے ذریعے گول کرکے میچ برابر کردیا۔
چوتھے کوارٹر میں گول کرکے جنوبی افریقا نے ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل کرلی تاہم کھیل کے آخری لمحات میں افراز نے گول کرکے پاکستان کو شکست سے بچالیا۔
مینز ہاکی ایونٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔
پاکستان کا اگلا میچ 31 جولائی کو نیوزی لینڈ سے ہے جب کہ اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بالترتیب 3 اور 4 اگست کو قومی ٹیم میدان میں اُترے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ماضی میں کبھی بھی کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل نہیں جیتا، پاکستان کی بہترین کارکردگی میلبورن میں 2006 کے ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنا تھی جب کہ گرین شرٹس 2002 میں مانچسٹر میں ہونے والے گیمز کے دوران کانسی کا تمغہ جیتنے میں سرخرو رہی تھی۔

Commonwealth gameDrawHockey MatchPakistan vs south africa