نگراں وزیراعظم معاملہ: شہباز اور راجا ریاض کی پہلی ملاقات بے نتیجہ ختم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم کے معاملے کو طے کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات آج بے نتیجہ اختتام کو پہنچی۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، لیکن اب تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا، فیصلہ ہوا ہے کہ کل پھر ایک نشست ہوگی۔
اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجا ریاض کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، وزیرِاعظم اور قائد حزبِ اختلاف کے درمیان نگراں وزیرِاعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور ہوا، فیصلہ کیا گیا کہ قومی معاملے پر مزید سوچ بچار کے بعد کل 11 اگست کو دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم نے قائد حزب اختلاف کو نگراں وزیرِاعظم کی تقرری کے لیے مشاورت سے متعلق ملاقات کی دعوت دی تھی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی تحلیل کے بعد آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت نگراں وزیراعظم کا تقرر ہوگا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیراعظم کے لیے مشاورت کریں گے اور اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہوگا۔
تین دن میں نام فائنل نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اپنے اپنے نام اسپیکر کی پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے اور پارلیمانی کمیٹی تین دن کے اندر نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرے گی۔
پارلیمانی کمیٹی کے نگراں وزیراعظم کا نام فائنل نہ کرنے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا اور الیکشن کمیشن دیے گئے ناموں میں سے دو دن کے اندر نگراں وزیراعظم کا اعلان کرے گا۔

Caretaker PMFirst Meet Ended InconclusivelymeetOpposition Leader Raja RiazPM Shehbaz Sharif