ایکسرسائز میں پٹھوں کی مضبوطی کے لیے چقندر معاون قرار

لندن: ورزش میں پٹھوں کی مضبوطی کے لیے چقندر معاون ثابت ہوتی ہے، سخت ورزش اور وزن اٹھانے والے نوجوان اپنے پٹھوں کی مضبوطی اور افزائش کے لیے پروٹین یا اس کے سپلیمنٹ استعمال کرتے ہیں۔ اب ماہرین کا اصرار ہے کہ چقندر کا رس کسی منفی اثر کے بغیر عین یہی کردار ادا کرسکتا ہے۔
ایکسیٹر یونیورسٹی برطانیہ کے سائنس دانوں کے مطابق چقندر میں کئی طرح کے نائٹریٹ پائے جاتے ہیں جو دورانِ ورزش پٹھوں کو مناسب قوت فراہم کرتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق یہ ناصرف جسمانی قوت بڑھاتے بلکہ سخت ورزش کے قابل بھی بناتے ہیں۔ دلچسپ بات کہ چقندر کے نائٹریٹ جسم میں جاتے ہی نائٹرک آکسائیڈ میں بدل جاتے ہیں اوراب تک اس پورے عمل کو درست سمجھا ہی نہیں کیا گیا ہے۔
اس کے لیے 10 رضاکاروں کو چقندر کا نائٹریٹ دیا گیا اور ان کے لعاب، خون، پٹھوں اور پیشاب میں اس کی مقدار نوٹ کی گئی۔ ان میں سے ہر ایک شخص کو ٹانگوں کی ایسی ورزش کرائی گئی جو سخت تھی اور اس کی حد کو بھی ناپا گیا۔ ماہرین نے نائٹریٹ دینے کے بعد رضاکاروں کو کئی طرح کی ورزشیں کرائیں اور ان کے پٹھوں کی قوت میں 7 فیصد اضافہ نوٹ کیا۔
تحقیق میں شامل سائنس داں، اینڈی جونز نے کہا کہ سائنسی طور پر چقندر میں موجود نائٹریٹ سے پٹھوں کی مضبوطی اور کارکردگی کے درمیان اہم تعلق سامنے آگیا ہے۔ اس کے علاوہ پٹھوں میں بھی نائٹریٹ کا نفوذ بڑھا ہوا دیکھا گیا ہے۔ دوسری جانب ماہرین نے چوٹ اور پٹھوں کی اینٹھن میں بھی چقندر کا رس استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

BeetsExerciseResearchStrengthening Muscles