ارشد شریف کے دائیں ہاتھ کے چار ناخن کی عدم موجودگی کا انکشاف

کراچی: صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جہاں تشدد کا انکشاف پچھلے دنوں سامنے آیا تھا، اب یہ بھی عقدہ کھلا ہے کہ اُن کے دائیں ہاتھ کے چار ناخن نکالے گئے تھے۔ نجی ٹی وی نے صحافی ارشد شریف کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کرلی۔
ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 7 صفحات پرمشتمل ہے جس کے 2 صفحات پر ارشد شریف کے اسکیچ ہیں جب کہ اسکیچز میں ارشد شریف کو لگنے والے زخموں کی تفصیل کے ساتھ نشان دہی کی گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی پروفائل کیس ہونے کے باعث پوسٹ مارٹم رپورٹ تحریر کرنے کو ترجیح دی کیونکہ ٹائپنگ میں رپورٹ کی تبدیلی کے خدشات تھے۔
ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ کو جمع کروادی گئی ہے جب کہ رپورٹ ان کی والدہ، دونوں بیویوں اور اٹارنی جنرل کو بھی دی گئی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی موت زخم آنے کے 10 سے30 منٹ کے درمیان ہوئی، ان کی موت دماغ اور دائیں پھیپھڑے متاثر ہونے سے ہوئی، ارشد شریف کی لاش پر 12 زخم پائے گئے تھے جب کہ ان کی بائیں آنکھ کے گرد سیاہ نشان تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی گردن کے بائیں جانب زخم موجود تھا، ان کی کمر کے بالائی حصے پر زخم کا نشان پایا گیا اور کمر پر موجود زخم کے گرد سیاہ نشان موجود تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کے دائیں ہاتھ کے چار ناخن موجود نہیں تھے اور ان کی دائیں کلائی پر رگڑ کا نشان موجود تھا جب کہ ارشد شریف کی کھوپڑی کی بائیں جانب کی ہڈی غائب تھی اور ان کے دماغ کے بائیں جانب کا حصہ متاثر ہوا۔

Arshad SharifMurderPost mortem report