راولپنڈی میں 9 افراد کے قتل کا اندوہناک واقعہ!

راولپنڈی: شہر کے نواحی علاقے میال میں دو گروہوں کی پرانی دشمنی نے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی زندگیاں نگل لیں۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد نے جمعے کی شب مخالفین کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 خواتین اور 4 بچے جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے تین سال کے درمیان ہیں۔
پولیس کے مطابق چند روز پہلے بھی اظہر اور رب نواز گروپ کے درمیان فائرنگ سے رب نواز گروپ کی ایک خاتون چل بسی تھی۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جب کہ مرکزی ملزم اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
چونترا تھانے کی حدود کے علاقے میال میں قتل ہونے والے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی میتوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے گاؤں پہنچایا گیا۔
راولپنڈی کے سی پی او احسن یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونترا تھانے کی حدود میں پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے، یہ بات غلط ہے کہ پولیس کا رسپانس نہیں تھا، اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس 4 لوگ ہیں جن سے ہم تفتیش کررہے ہیں، ہمارے پاس 120 افراد کی لسٹ ہے جو سرچ آپریشن کے دوران بنائی گئی۔
سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ اس واقعے سے پچھلے واقعات کو نہ جوڑا جائے، ہماری مختلف ٹیمیں اس کیس کی تحقیقات کررہی ہیں، رب نواز کے گھر فیاض کا قتل ہوا، یہ پہلی ایف آئی آر تھی، پھر رب نواز کی بیوی کا قتل ہوا جو دوسری ایف آئی آر تھی۔

9 killedrawalpindi