کراچی: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ صرف پانچ منٹ کی ورزش بلڈپریشر میں کمی لاتے ہوئے قلبی مسائل سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طرزِ زندگی میں معمولی سی تبدیلیاں جیسے کہ پانچ منٹ ٹی وی دیکھنے کے بجائے پانچ منٹ دوڑ لگانا، قلبی صحت کو بہتر کرنے کے لیے کافی ہے۔
تحقیق کے نتائج بتاتے ہیں کہ رقص کرنا، دوڑنا یا صفائی کرنے جیسی سرگرمیاں اپنے اندر بڑے مفاد رکھتی ہیں۔
تحقیق میں یونیورسٹی کالج لندن اور یونیورسٹی آف سڈنی سے تعلق رکھنے والے محققین نے 14 ہزار 761 افراد کا مطالعہ کیا۔ ان افراد نے ایکٹوٹی ٹریکر پہنے ہوئے تھے تاکہ روزمرہ کی حرکات اور بلڈپریشر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا جاسکے۔
24 گھنٹوں میں لوگوں نے اوسطاً سات گھنٹے کے قریب سوکر گزارے، دس گھنٹے بیٹھے رہنے جیسے سست رویے کے تحت گزارے۔ تین گھنٹے کھڑے ہوکر، ایک گھنٹہ ہلکی رفتار جب کہ ایک گھنٹہ تیز رفتار میں چل کر اور 16 منٹ ایسی ورزش کرکے گزارے، جس سے ان کے دل کی دھڑکن بڑھ گئی۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ دل کی دھڑکن بڑھانے والی پانچ منٹ کی اضافی ورزش جیسے کہ سیڑھیاں چڑھنا، دوڑنا یا سائیکل چلانا بلڈ پریشر میں بڑی کمی لانے کا باعث ہیں۔ سِسٹولک بلڈپریشر (اوپر کی ریڈنگ) 0.68 ایم ایم ایچ جی اور ڈائیسٹولک بلڈ پریشر (نیچے کی ریڈنگ) 0.54 ایم ایم ایچ جی تک کم دیکھا گیا۔