289 پاکستانی زائرین تفتان سے سکھر منتقل

سکھر: کرونا کے باعث تفتان میں رکھے گئے 289 زائرین کو سکھر منتقل کردیا گیا۔ ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان بارڈر سے لے کر دوبسیں سکھر کی لیبر کالونی پہنچیں جن میں مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔ انتظامیہ نے زائرین کو لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ منتقل کیا ہے جہاں انہیں 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اسکریننگ بھی کی جائے گی۔
دوسری طرف کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا سے متعلق اجلاس ہوا۔ مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر کو ہدایت کی کہ تمام آنے والے زائرین کے ٹیسٹس شروع کردیں، ابھی 289 زائرین پہنچے ہیں اور مزید 853 آرہے ہیں، میں نے صحت کی خصوصی ٹیمیں بھی سکھر بھیجی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شادیاں، میلے، درگاہیں، شادی ہالز اور مدارس بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزراء کو بھی تقریبات میں جانے سے روک دیا۔