پاکستان کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند

اسلام آباد: پاکستان کے 5 ایئرپورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کردیا گیا، مذکورہ ہوائی اڈوں کی تمام شیڈولڈ بیرون ملک فلائٹس سمیت اگلے چند روز تک تمام بین الاقوامی پروازیں صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 5 ایئرپورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا نوٹس ٹو ایئرمین (نوٹم) جاری کردیا۔ حالیہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور ایئرپورٹ سے عالمی پروازوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے تاہم ان ایئر پورٹس سے اندرون ملک کی پروازیں جاری ہیں۔ ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد اتارا گیا ہے، ان پروازوں کے مسافروں کو ان کے مطلوبہ شہروں تک بھیجنے کے بھی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
نوٹم کے مطابق پشاور ایئر پورٹ آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔