مشکل وقت سے گزر گئے ہیں، 2019 سب سے مشکل وقت تھا، عمران خان

پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ جو بھی ہوجائے بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید بڑھنے نہیں دیں گے بلکہ انہیں کم کریں گے۔
پشاور میں انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں سے صحت مند معاشرہ جنم لیتا ہے اور کھیل آپ کو زندگی میں مقابلہ کرنا سکھاتا ہے۔ لہٰذا چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہارنے سے ڈرنے کی بجائے سیکھتا ہے۔
انہوں نےکہا کہ میں اگراسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سالہ سیاست میں مقابلہ نہ کرتا اور بہت پہلے ہارمان جاتا، اگر میں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو یہ جو حکومت ملی، ڈیڑھ سال میں ہاتھ کھڑے کرکے گھر چلا جاتا اور ہار مان چکا ہوتا۔
دوسری جانب مہمند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں مثال بننا تھا اور وہ مثال مدینہ کی ریاست کا اصول تھا، ہمارا احساس پروگرام مدینہ کے ماڈل پر ہے، جو لوگ زندگی کی ریس میں پیچھے رہ گئے ریاست ان کی ذمہ دار ہے، قبائلی عوام باقی دیگر پاکستانیوں سے پیچھے رہ گئے، یہاں غربت اور بیروزگاری ہے، اب انہیں ترقی دینے کا موقع ملا ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آٹا اور چینی کے بحران میں جن لوگوں نے ذخیرہ اندوزی کرکے پیسہ بنایا، وعدہ کرتا ہوں انہیں نہیں چھوڑوں گا، رپورٹ آنے والی ہے سب کو سزائیں دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی فکر نہ کرے ،مشکل وقت سے گزر گئے ہیں، 2019 سب سے مشکل وقت تھا، اب اچھا وقت آئیگا، ہم مہنگائی پر قابو پاگئے ہیں۔