تحریک پاکستان کے رہنما فضل الٰہی چوہدری کی آج برسی

محمد راحیل وارثی

آج پاکستان کے سابق صدر فضل الٰہی چوہدری کی 38 ویں برسی ہے۔ 2 جون 1982 کو لاہور میں آپ کا انتقال ہوا۔ آپ کا شمار تحریکِ پاکستان کے اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ ملک و قوم کے لیے آپ کی خدمات کو کسی طور فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان کے اوّلین پارلیمانی سیکریٹری ہونے کا اعزاز بھی آپ کو حاصل ہے۔ آپ یکم جنوری 1904 کو کھاریاں کے قریب گاؤں مرالہ میں ایک بااثر گجر گھرانے میں پیدا ہوئے۔ 1924 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا، سیاسیات میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔

فارغ التحصیل ہونے کے بعد وکالت کرنے لگے۔ 1930 میں سیاست میں دل چسپی لینا شروع کی اور گجرات سے عام انتخابات میں حصّہ لیا اور بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔ 1942 میں آل انڈیا مسلم لیگ سے وابستگی اختیار کی۔ 1945 میں مسلم لیگ کے گجرات کے صدر بنے۔ تحریک پاکستان میں آپ نے خاصا فعال کردار ادا کیا اور مسلم لیگ کی مقبولیت میں اضافے کے لیے ہر دم کمربستہ رہے۔

قیام پاکستان کے بعد آپ قومی اسمبلی میں اہم عہدوں پر رہے۔ لیاقت علی خان کی حکومت میں 1947 میں آپ کو وزیر تعلیم و صحت بنایا گیا۔ 15 اگست 1972 سے 13 اگست 1973 تک قومی اسمبلی کے 8 ویں اسپیکر رہے۔ قبل ازیں 12 جنوری 1965 سے 25 مارچ 1969 تک آپ نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

پیپلز پارٹی سے منسلک ہوگئے اور 1970 کے انتخابات میں پی پی پی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ پہلے متفقہ آئین کے نفاذ کے بعد 14 اگست 1973 کو ذوالفقار علی بھٹو ملکی صدارت چھوڑ کر وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے تو آپ اُن کے بعد صدارتی انتخاب میں حزب اختلاف کے متفقہ امیدوار خان امیرزادہ خان کو شکست دے کر ملک عزیز کے 5 ویں صدر منتخب ہوئے۔ آپ 16 ستمبر 1978 تک اس عہدے پر متمکن رہے۔