اسلام آباد: یو اے ای میں پھنسے پاکستانیوں سے زائد کرایے وصول کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا۔ پاکستان کا یک طرفہ کرایہ 1120 درہم ہے جب کہ مسافروں سے دو ہزار درہم سے زائد کرایہ وصول کیا جارہا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں سے زائد کرائے وصول کرنے پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو کرایوں کو کنٹرول کرنے کی ہدایات جاری کردی۔
بعض ایجنٹوں کی جانب سے مسافروں سے دو ہزار درہم سے بھی زائد کرایے وصول کیے جارہے ہیں۔ رش کے باعث پی آئی اے نے اپنے دفاتر کے ساتھ ایجنٹوں کو بھی اجازت دے دی تھی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے کسی بھی شہر کا یک طرفہ کرایہ 1120 درہم ہے۔ مسافر یو اے ای میں سفارت خانوں میں قائم دفاتر سے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ پی آئی اے کے کسی بھی بکنگ آفس یا دبئی اور ابوظبی کے ایجنٹس سے ٹکٹ حاصل کیے جاسکتے ہیں۔