لاہور: ہمہ جہت صلاحیتوں کے مالک اور فن و ادب کی دُنیا کا بہت بڑا نام طارق عزیز حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔
طارق عزیز 1936 میں جالندھر میں پیدا ہوئے تھے، تاہم قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال میں حاصل کی۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ جب 1964 میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے تاہم انہیں اصل شہرت 1975 میں پی ٹی وی کے معروف گیم شو نیلام گھر سے حاصل ہوئی جو قریباً دس سال تک بلاتعطل جاری رہا۔ کئی سال وقفے کے بعد جب نیلام گھر دوبارہ شروع کیا گیا تو اس کا نام ’’طارق عزیز شو‘‘ رکھا گیا۔ اس طرح انہوں نے کم و بیش 40 سال تک اس پروگرام کی میزبانی کی۔
طارق عزیز نے بڑی اسکرین پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی پہلی فلم انسانیت 1967 میں ریلیز ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں اور ہار گیا انسان میں بھی اداکاری کی۔
معروف ادیب و سیاست دان طارق عزیز کو حکومت پاکستان نے 1992 میں حسنِ کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے طارق عزیز کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور ان کے لیے دعا گو ہوں۔