راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز کا کشمیریوں پر ظلم قبول نہیں، بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن واستحکام کے لیے خطرہ ہیں ۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔ افسران اور جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہر قیمت پر مادروطن کا دفاع یقینی بنائیں گے۔ قابض بھارتی فورسز کا کشمیریوں پر ظلم قبول نہیں۔ آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنانابرداشت نہیں کرسکتے۔ پاک فوج ایل اوسی پر بسنے والے شہریوں کاتحفظ یقینی بنائے گی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کوروناوبا پرقابو کے لیے قومی کوششوں کو سپورٹ کرتی رہےگی۔ آرمی چیف نے کورونا وبا سے متعلق فارمیشن کی احتیاطی تدابیرکی بھی تعریف کی اورپاک فوج کے بلند حوصلے اور تیاریوں کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو ایل اوسی کی صورت حال اور بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس دورے میں کورکمانڈرراولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی آرمی چیف کے ساتھ تھے۔