کے پی کے میں پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان

پشاور:خیبرپختون خوا حکومت نے وزیراعظم کی تمام صوبوں سے کی گئی درخواست پر فوری فیصلہ لیتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کابڑا اعلان کردیا ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ پیر18 مئی سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔ کمشنرز،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ٹراسپورٹز کے ساتھ مل کر ایس او پیز تشکیل دیں گے۔ تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق نظرثانی شدہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ایک ضلع کے اندرون یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کا فیصلہ بھی کمشنرز کریں گے۔ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنوں کی حدود میں ہوں ، ان کے کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاق کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ پٹرول پمپ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ حجام کی دکانیں ایس او پیز کے ساتھ جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔