کورونا کوہرانا ہے

سید جاذب شمیم

کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو اپنا نشانہ بنایا ہوا ہے، وہاں ہمارے وطن عزیز میں بھی اس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ چونکہ اس وائرس کا علاج ابھی تک دریافت نہیں ہوسکا ہے لہذا آئسولیشن اور سوشل ڈسٹنسنگ(سماجی روابط میں کمی) کو ہی اس کا حل بتایا جارہا ہے۔

چین سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک اسی فارمولے پر عمل پیرا ہو رہے ہیں، پاکستان  اورخاص طور پر سندھ میں عوام سے بارہا اپیل کی جارہی ہے کہ وہ ازخود سماجی روابط میں کمی کرلیں اور حفاظتی اقدامات اپنائیں۔

پاکستان وہ ملک ہے جہاں سماجی رابطوں اور رشتوں کی کلیدی اہمیت ہے، سوشل ڈسٹنسنگ ایک ایسا عمل ہے جس کو اپنانا پاکستانیوں کے بس کی بات نہیں ہے۔ حفاظتی اقدامات میں سب سے اہم چیز یہ ہے کہ آپ لوگوں سے ہاتھ نہ ملائیں، بیشتر سرکاری ونجی دفاتر میں یہ ہدایات واضح طور پردرج ہیں  مگر ان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابرہے۔

پاکستانی قوم ایک ملنسار قوم ہے اور کورونا کے پیش نظر جہاں ہاتھ ملانے سے منع کیا جارہا ہے وہیں اگر ملاقات ترک کرنا تو دور کی بات اگر ملاقات کے وقت مصافحہ نہ کیا جائے تو اس کا برا مانا جارہا ہے اور حفاظتی اقدامات لینے والے شخص کو شرمندہ بھی کیا جارہا ہے، جو افسوس ناک ہے۔

دفتر میں میری بھرپور کوشش ہے کہ میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بناؤں مگر مصافحہ کرنے سے خود کو روک نہیں پارہا اور اگر خود رک رہا ہوں، تو دیگر افراد ایک قدم آگے بڑھ کر گرمجوشی سے بغلگیر ہو کر کورونا کو شکست دینے کے عزم کا اعلان کررہے ہیں اور میں یہ سوچ رہا ہوں کہ ہم کیسے یہ کام کرسکتے ہیں، جب ہم اپنی سماجی اقدار کو محض 15 دن کیلئے بھی ترک کرنا نہیں چاہتے۔

ہم تاریخ کے ایک نازک دور سے گزر رہے ہیں، ہم نے اور ہماری دو نسلوں نے اس طرح کی وبا کا سامنا نہیں کیا جب پوری دنیا کے 180 سے زائد ممالک ایک ایسی بیماری کے شکار ہیں جس کا علاج دریافت نہیں ہوا اور 10000 سے زائد افراد موت کی نیند سوچکے ہیں۔ یہ ایک ایسی آفت ہے، جس کا مقابلہ کرنے کے لئے ہم نہ تیار ہیں اور نہ تیار ہونا چاہتے ہیں جو آگے چل کر من حیث القوم ہماری بربادی کا سبب بن سکتا ہے (خدا نخواستہ)۔

میری التجا ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کچھ دنوں کے لئے خود ساختہ تنہائی (سیلف آئسولیشن ) میں چلے جائیں، ہاتھ ملانے اور سماجی میل جول سے 15 دن پرہیز کرلیں، پوری دنیا اسی فارمولے پر کاربند ہے اور اسی طرح چین جیسے ملک نے اس و با پر قابو پایا ہے۔ ہماری قوم پر ایک کڑا وقت آیا ہے ،ہم سب نے مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہے اور شکست دینی ہے۔ پاکستان زندہ باد!