کورونا وائرس: اندازے سے کم کیس سامنے آنا خوش آئند ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں کووڈ 19 کی صورتحال پر غور کیا گیا۔اجلاس میں افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بلوچستان کے چار سرحدی اضلاع کو ایران سے خوراک کی سپلائی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ افغانستان کے لیے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت صرف کارگو کے لیے اجازت دی گئی ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور دو طرفہ تجارت کے تحت تین روز کے لیے صرف غذائی اشیاء اور ادویات لے جانے کی اجازت ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں۔ اندازے سے کم کورونا وائرس کے کیس سامنے آنا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے 727 مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ۔ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لیے 26 لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں۔ مستقبل کے حوالے سے پلان وزیراعظم کو 12 اپریل کو پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔