سندھ پولیس میں کورونا وائرس سے متاثر پولیس افسران اور ملازمین کے ڈیٹا بیس میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 164 مریضوں کے اضافے کے ساتھ تعداد متاثرین کی 758 ہوگئی ہے جب کہ 194 پولیس ملازمان صحت یاب ہو چکے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق 12 جون کی صبح 10 بجے تک عالمی وباء کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سندھ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تعداد 594 رپورٹ ہوئی تھی، 24 گھنٹے بعد آج یہ تعداد 758 ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے دو ڈی ایس پی سمیت 79 ملازمین بھی گزشتہ دنوں وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جو سندھ پولیس کے ڈیٹا بیس میں شامل نہیں تھے، انہیں بھی اس میں شامل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 194 پولیس ملازمین مختلف عرصے کے دوران صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 8 افسران اور جوان انتقال بھی کر چکے ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق 556 پولیس ملازمین ابھی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جو مختلف اسپتالوں اور میڈیکل سنٹر ز میں داخل یا اپنے گھروں پر آئسولیشن میں ہیں۔
کراچی پولیس کے اب تک 400 سے زائد افسران اور اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے 136صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 8 اہلکاروں کا انتقال ہوا ہے۔کراچی پولیس کے ایک ایس ایس پی، 4 ایس پی، 5 ڈی ایس پی، 19 انسپکٹرز، 32 سب انسپکٹرز، 35 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 56 ہیڈ کانسٹیبلز، 230 کانسٹیبل اور دیگر اسٹاف اس وائرس کی لپیٹ میں آچکا ہے۔ان پولیس ملازمین میں سب سے زیادہ تعداد 108 ایسٹ زون کے افسران اور اہلکاروں کی ہے جب کہ ساؤتھ زون کے 94 اور ویسٹ زون کے 51 پولیس ملازمین کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔