اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار 496 ہوگئی اور 93 افراد جاں بحق ہوگئے۔وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 233 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 122 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔
یوں ملک کے طول و عرض میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 5 ہزار 496 ہوگئی جب کہ کورونا وائرس کے ایک ہزار 97 مریض صحت یاب ہوچکے ۔ اب تک مجموعی طور پر 65 ہزار 114 مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے ، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 93 ہوگئی جب کہ 44 کی حالت تشویش ناک ہے۔حکام کے مطابق پنجاب میں 2672، سندھ 1452، بلوچستان 230، خیبر پختونخوا میں 744، آزاد کشمیر 43، اسلام آباد میں 131 اور گلگت بلتستان میں 224 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔