اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس روز بروز شدت اور خطرناک شکل اختیار کرتا جارہا ہے، ایک ہی دن میں اس وائرس نے 83 زندگیوں کے چراغ گل کردیے جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 13 ہزار 702 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 23799 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 7 لاکھ 54 ہزار 252 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5385 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1لاکھ 13ہزار 702 ہوگئی جب کہ 36308 مریض صحت یاب ہوچکے۔
کورونا سے متاثر سب سے زیادہ افراد پنجاب میں ہیں جہاں اب تک 43460 لوگوں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ میں 41 ہزار 303، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار 31، گلگت بلتستان میں 974، آزاد کشمیر میں 444 اور اسلام آباد میں 5963 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 83 افراد لقمہ اجل بنے اس طرح اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 2255 ہوگئی۔