اسلام آباد: شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر مظالم بھارتی جرائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جس کا اقوام عالم کو ہر صورت نوٹس لینا ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں 9 کشمیری نوجوانوں کی شہادت ظلم کی انتہا ہے۔ اپنے جمہوری حق کے لئے سراپا احتجاج نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز، آنسو گیس اور دیگر مظالم انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جس کا اقوام عالم کو ہر صورت نوٹس لینا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت جبرو استبداد سے کشمیریوں کے خودارادیت کے حق کی عظیم جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتا۔ کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔ دنیا کورونا وبا سے برسرپیکار ہے تو دوسری جانب بھارت مظلوموں پر ستم ڈھا کر بنیادی انسانی حقوق روند رہا ہے۔ بھارت کا انتہاپسند چہرہ دنیا پر بے نقاب ہوچکا۔