کےالیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافے کا اعلان کردیا آج رات سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شہر بھر میں شروع کردیا گیا۔ ترجمان کے الیکٹرک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گیس اور فرنس آئل میں کمی کی وجہ سے کےالیکٹرک کی پیداواری صلاحیت شدید متاثرہوئی ہے، گیس اور فرنس آئل کی فراہمی میں بہتری نہ آئی تو لوڈشیڈنگ مزید بڑھ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے کئی علاقوں میں رات گئے بجلی کی فراہمی معطل رہی جب کہ شدید گرمی نے علاقہ مکینوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا۔ کیماڑی بھٹہ ویلیج شانتی نگر، لیاقت آباد سی ون ایریا، گارڈن کے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ فری علاقہ ہونے کے باوجود ایک سے تین گھنٹے تک غیر اعلانیہ بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، متعدد بار شکایتی مراکز پر شکایات بھی درج کرائی گئی ہیں لیکن اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تکنیکی یا علاقائی فالٹس کے باعث آنے والے تعطل کو فوری درست کیا جاتا ہے