چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکول کھولنے کی اجازت

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کل سے دوسرے مرحلے میں اسکولز کھولنے کی اجازت دے دی اور کہا چھٹی سےآٹھویں جماعت تک کی کلاسزکا آغاز کل سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیرتعلیم شفقت محمود ، معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزرائے تعلیم و سیکرٹریز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔این سی او سی کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ آج این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ہم نے کل سے خیبر پختونخوا کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ 15 ستمبر سے یونی ورسٹیاں اور کالجز کھولے جائیں گے، 15 دن تک حالات ٹھیک رہے تو تمام انسٹی ٹیوشنز کو کھول دیا جائے گا۔تاہم حکومت سندھ نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر دوسرے مرحلے کے تحت 22 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔حکومت سندھ کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق جلد بازی کا کوئی بھی فیصلہ تعلیم کو تباہ کرے گا، این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔