پی ٹی آئی نےمردم شُماری کو تسلیم کر کے کراچی والوں کی پیٹھ پر چھرا گھونپا،مصطفیٰ کمال

پاک سر زمین پارتی چیئرمین مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے اس مردم شُماری کو تسلیم کر کے کراچی والوں کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے۔ جبکہ انکی اتحادی ایم کیو ایم نے 70 لاکھ لاپتہ لوگوں پر اپنی انتخابی مہم چلائی تھی۔ اگر وزارتوں سے استعفیٰ دیتے تو کمزور حکومت قدموں میں آجاتی لیکن وزارتیں عوام سے زیادہ عزیز ہیں۔پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر تو بہت غصہ آیا، آرمی چیف تک کو کال کر دی، وزیراعظم سے بات کرلی لیکن کراچی کی غلط مردم شُماری پر نہ غصہ آیا نہ کوئی کال کی کیونکہ پیپلز پارٹی اس متنازع مردم شُماری کی حمایت کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی بخوبی واقف ہے کہ اگر مردم شُماری صحیح ہو گئی تو سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکمرانی کا خاتمہ ہوجائے گا۔صطفی کمال نے مزید کہا انگریزوں کے زمانے میں بھی ایسا ظلم نہیں ہوا۔ پاکستان آزاد ہونے کی صرف کاغذی کارروائی ہوئی ہے۔ انگریزوں کے ذہنی غلام آج بھی عوام کے اختیارات اور وسائل پر ناصرف قابض ہیں بلکہ عوام کے مالک بنے بیٹھے ہیں۔ آدھا ملک گنوانے کے بعد بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔ عوام کو محب وطن رہنے کی تلقین کرنے والے حکمران عوام کو حقیقی آزادی دینے کے لیے تیار نہیں۔ جاگیردار اور وڈیرے عوام کو گننے سے ڈرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد نمبر 10 پر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کا کونسا ملک ہے جہاں اس ملک کے بنانے والوں کی اولادوں کو اپنی گنتی کرانے کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔ کراچی پاکستان کی معاشی شہہ رگ ہونے کے باوجود لاوارث ہے۔