پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے،نئی قیمتوں کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد ہوگا۔تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری حکومت کو بھجوا دی، سمری میں پیٹرول 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج ہونے والے وزارت خزانہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ جبکہ ملک میں جاری کی جانے والی نئی قیمتوں کا اطلاق کل سے ہوگا اور یہ قیمتیں آئندہ 15روز تک برقرار رہیں گی۔
واضح رہے کہ اوگرا کی طرف سے 16 اکتوبر کو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر رکھنے کی سفارش کی گئی تھی،ذرائع کے مطابق حکومت اس وقت فی لیٹر ڈیزل پر 30روپے، پٹرول پر 27 روپے 32 پیسے پیٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے اورمٹی کے تیل پر فی لیٹر 11 روپے 43 پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔خیال رہے کہ 28 جولائی کواقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 روز بعد ردوبدل کی منظوری دے دی تھی۔ سلام آباد میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مہینے کے بجائے پر 15 روز بعد ردوبدل کی منظوری دی گئی تھی، جب کہ کابینہ کی منظوری کے بعد فیصلے کا اطلاق 15 اگست سے ہوگیا تھا، اسی حوالے سے ایک بار پھر 15روز گزرنے پر اوگرا کی طرف سے سمری بھیج دی گئی،جس کے تحت پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی امکان ہے۔

petrolprice