واشنگٹن: قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدۂ صدارت کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو سابق مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے براہ راست شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے منصب کی ذمے داریاں نبھانے کی اہلیت نہیں رکھتے، اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ ٹرمپ صدارتی عہدے کے لیے موزوں امیدوار ہیں۔
صدر ٹرمپ نے جان بولٹن کی جانب سے تنقید کے بعد اپنی طویل ٹویٹس کے ایک سلسلے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے اور ان کی کتاب کو فکشن قرار دیا۔ جان بولٹن کی کتاب The Room Where it Happened کو پہلے ہی وائٹ ہاؤس شائع ہونے سے روکنے کی کوششوں میں ہے اور اس کی خاطر اُسے عدالتی حکم کا انتظار ہے۔
سابق مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے اپنی کتاب میں الزام لگایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ایک مرتبہ پھر صدارتی الیکشن جیتنے کے لیے مدد طلب کی اور کئی ایسے معاملے تھے جن میں وہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ صدر ٹرمپ اور روسی صدر پوتن کا کوئی مقابلہ نہیں تھا۔