اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کئی شہروں میں ایس او پیز کو فالو نہیں کیا جا رہا، وزیراعظم کو پورے ملک اور انسانی جانوں کا سوچ کر فیصلے کرنے چاہئیں، یہ کسی پر الزام لگانے کا وقت نہیں، کورونا کی وبا کو سنجیدہ لیا جائے۔نیب پیشی کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب کو کہا ہے آپ کا بڑا دل گردہ ہے وبا کے حالات میں بھی کام کر رہے ہیں، نیب کا سوال تھا سکیم بجٹ میں نہیں تھی، بعد میں منظوری دی گئی، بجٹ میں شامل نہ ہونیوالی سکیم کی آئین کے مطابق اجازت دی جاسکتی ہے، ہم نے اسمبلی کی منظوری کے بعد یہ سکیم شروع کی تھی۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کراچی میں کورونا وبا زیادہ ہے، کورونا سے متعلق عوام کو پیغام جانا چاہیئے کہ یہ سنجیدہ مسئلہ ہے، کئی جگہوں پر ایس او پیز فالو نہیں ہو رہے، کورونا سے متعلق اقدامات طبی ماہرین کی مشاورت سے کیے گئے۔