مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں حریت پسندوں سے جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کے کرنل اور میجر سمیت 4 فوجی ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں پیش آیا، جہاں قابض بھارتی فوج علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لے رہی تھی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کے اہل کار کرنل اشوتوش شرما کی قیادت میں ایک گھر کی تلاشی لے رہے تھے، ایسے میں ان کی مجاہدین سے جھڑپ ہوئی، جس میں چاروں ہلاک ہوگئے۔
بعد ازاں بھارتی فوج نے مزید نفری بلا لی، گولیاں کا تبادلہ ہوا، آخر قابض بھارتی فوج نے گھر کو نذر آتش کر دیا، جس میں دو مجاہدین شہید ہوگئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران قابض فوج نے جعلی آپریشن کے نام پر 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس ماہ اگست سے کشمیر میں سخت لاک ڈائون ہے اور ایک انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اس سیاہ پردہ کا اطلاق آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد کیا گیا۔
کورونا بحران کے بعد بھی مودی حکومت نے مظالم کا سلسلہ جاری رکھا، ایک جانب جہاں ستر ہزار کشمیروں کو ایک وینٹی لیٹر، چار ہزار افراد کو ایک ڈاکٹر میسر ہے، وہیں نو کشمیروں پر ایک فوجی تعینات ہے۔