لاک ڈاؤن کھولنے کی کامیابی میں عوام کا تعاون درکار ہے، شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کھولنے کی کامیابی میں عوام کا تعاون درکار ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہمیں عوام کی صحت کی حفاظت اور معاشی روانی کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا فیصلہ پسے ہوئے کمزور طبقات کے لیے جذبۂ احساس کا مظہر ہے۔ اس سے چھوٹے کاروباری افراد کے کاروبار کو سہارا ملے گا۔ طویل المیعاد لاک ڈاؤن چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے روزگار کو ہمیشہ کے لیے ٹھپ کردیتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کھولنے کی کامیابی میں عوام کا تعاون درکار ہے۔ کاروباری شعبوں کے لیے بنائے گئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ احتیاط نہ کی گئی تو دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا۔ کورونا مشترکہ قومی مسئلہ ہے، ہمیں متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔