بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے پیپلز لبریشن آرمی سے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مزید مضبوط کیا جائے، فوج بدترین حالات کے لیے اپنی مشقیں مکمل کرلے۔
پیپلز لبریشن آرمی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ پوری طاقت کے ساتھ قومی خودمختاری، سیکیورٹی اور ترقی سے منسلک مفادات کی حفاظت کی جائے گی۔
شی جن پنگ نے کہا کہ تمام حالات سے فوری اور موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے فوج اپنی ٹریننگ کو بڑھائے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شی جن پنگ کی طرف سے فوج کو تیار رہنے کے حکم کو بھارت کے ساتھ فوجی ٹکراؤ کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر غیر معمولی قرار دیا جارہا ہے۔
چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر شی جن پنگ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور چین کی فوجوں کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھتی جارہی ہے، اس لیے یہ غیر معمولی ہے۔
خیال رہے کہ علاقے کا جغرافیہ بدلنے کی کوشش پر چین نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے لداخ میں متنازع علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جب کہ سکم بارڈر پر بھی مزید فوج تعینات کردی گئی ہے۔