لاہور: رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عید الفطر 25 مئی کو ہونے کی پیش گوئی کردی ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجازمفتی نے بتایا کہ چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک کہ اس کی عمرغروب آفتاب کے وقت کم ازکم 19 گھنٹے اورغروب شمس وغروب قمرکا درمیانی فرق کم ازکم 40 منٹ سے زائد نہ ہوجائے، نیزچاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شوال کا چاند 22 مئی کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 10 بج کر 39 منٹ پر پیدا ہوگا۔ ہفتہ 23 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر اگرچہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 20 گھنٹوں سے زائد ہوگی نیز غروب شمس اور غروب قمر کا درمیانی فرق پشاور، چارسدہ، راولپنڈی، اسلام آباد، مظفرآباد، گلگت اور لاہور میں 39 منٹ جبکہ کراچی، کوئٹہ اور جیوانی میں 40 منٹ ہوگا لیکن دیگر عوامل ناکافی ہونے کے باعث ہلال پشاور، لاہوراورکوئٹہ میں بصری آلات کی مدد کے بغیر دکھائی نہیں دے سکتا۔
دوسری جانب ہلال راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت، مظفر آباد اور چارسدہ میں ٹیلی سکوپ کی مدد سے بھی دکھائی نہیں دے سکتا جبکہ کراچی اور جیوانی میں ہلال کی رویت کے لئے بصری آلات کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ اِن حالات کے تناظر میں ہفتہ کی شام رویتِ ہلال کا امکان انتہائی کم ہے لہٰذا رمضان المبارک کے 30 دن مکمل کرنے کے بعد عید پیر 25 مئی کو منائی جائے گی۔
خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ پشاور میں چونکہ جُھوٹی شہادتیں قبول کر کے 24 اپریل سے رمضان المبارک کا آغاز کیا گیا تھا لہٰذا وہ لوگ 30 روزے مکمل کرنے کے بعد اتوار24 مئی کو عید منائیں گے حالانکہ وہاں ہفتہ 23 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت ہلال دُور بین کی مدد سے دکھائی دینے کا بھی کوئی امکان نہیں۔