عمران خان چھپانے نہیں قوم کو حقائق بتانے پر یقین رکھتے ہیں، فردوس عاشق

اسلام آباد: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آٹا چینی انکوائری کمیشن پر اعتراض کرنے والے سیاسی مخالفین کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ میں کہا کہ سیاسی مخالفین پہلے کہتے تھے انکوائری رپورٹ نہیں آئے گی لیکن عمران خان تحقیقاتی رپورٹ سامنے لے آئے، اب انکوائری کمیشن پر اعتراض جاری ہے لیکن اس میں بھی انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان چھپانے پر نہیں قوم کو حقائق بتانے پر یقین رکھتے ہیں، حکومت نے ایسی تحقیقات کرائی ہے جس میں اپنے لوگوں پر سوال اٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز صاحب کیا ایسی جرأت پہلے کسی حکومت نے دکھائی ہے، یہ اقدام شفاف اور منصفانہ طرزِ حکومت کی علامت ہے، سابقہ ادوار میں حقائق کو چھپانے اور اپنے لوگوں کو بچانے کی روش اختیار کی جاتی رہی ہے۔