کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانسیسی ٹیم کراچی پہنچ گئی، یہ ٹیم ائیر بس بنانے والی کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز پر مشتمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرانسیسی ماہرین کی ٹیم خصوصی پرواز نمبر اے ای بی 1888 کے ذریعے پاکستان پہنچی۔ ائیر بس اے نے صبح 6:35 بجے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔ ٹیم کا قیام ائیرپورٹ پر واقع ہوٹل میں ہے۔
ٹیم کے ارکان پاکستانی تحقیقاتی حکام کے ہمراہ جائے حادثہ کا بھی دورہ کریں گے، ٹیم طیارے کا بلیک باکس اور دیگر ضروری آلات اپنے ساتھ لے جائے گی اور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو بھرپور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوگئے۔