اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہمارا مقابلہ صرف کورونا سے نہیں، غربت اور بے روزگاری سے بھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
اس اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر کورونا کے معیشت پر اثرات خصوصاً تعمیرات کے شعبے کا جائزہ لیا گیا اوراس کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
خیال رہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے حکومت حرکت میں آگئی ہے۔ آج مشیر خزانہ نے اعلان کیا تھا کہ عوام بجلی اور گیس کے بل 3 ماہ کی تاخیر سے جمع کراسکتے ہیں۔
ساتھ ہی حکومت نے صنعتوں کو اس بحرانی صورت حال میں خصوصی مراعات دینے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ اب تک پاکستان میں کورونا کے دو ہزار سے زاید کیسز سامنے آچکے ہیں، جب کہ ۳۵ افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔