کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ بڑے شاپنگ سینٹرز نہیں کھولنے دیں گے۔ہمیں معاشی سرگرمیوں کی اجازت دینے کے ساتھ دیکھنا ہوگا کہ کورونا کے کیس تیزی سے نہ بڑھیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ عوام کو قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، اگر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو مزید اقدامات کرنے پڑیں گے۔سعید غنی کا کہنا ہے کہ بڑے شاپنگ مالز بدستور بند رہیں گے،ہمیں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، شہریوں کی ذمہ داری کے بغیر اس وبا سے نمٹا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے سندھ کابینہ کے کورونا ریلیف آرڈیننس کو مسترد کیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ ہم دیکھیں گے کہ گورنر صاحب نے کیا تحفظات ظاہر کیے ہیں، ہم کووڈ ریلیف آرڈیننس عوام کے لیے لائے ہیں۔