آسٹریلیا میں ایک لائٹر نے درجنوں لوگوں کو کورونا وائرس میں مبتلا کردیا، ایک ہوٹل کا عملہ اس کورونا زدہ لائٹر کو بار بار استعمال کرتا رہا۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور احتیاط کرنے کے باوجود ایک سگریٹ لائٹر کورونا وائرس پھیلانے کی وجہ بن گیا۔بی بی سی کے مطابق آسٹریلیا نے اگرچہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پالیا ہے مگر اس کی ریاست وکٹوریا میں نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔ریاست وکٹوریا کے حکمران ڈینئیل اینڈریوس کا کہنا ہے کہ یہ وبا سگریٹ کے ایک لائٹر سے پھیلی، لائٹر کا ہوٹل میں موجود عملے نے ایک دوسرے سے تبادلہ کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈینئیل اینڈریوس کا کہنا تھا کہ وہ افراد سماجی فاصلہ تو رکھ رہے تھے مگر ایک دوسرے سے لائٹر شیئر کر رہے تھے۔ان کے مطابق عملہ بھی ایک دوسرے کی گاڑیوں میں سفر کرتا تھا، جس کا مطلب ہے کہ وہ ہمارے معیار کے برعکس ایک دوسرے سے قریبی رابطہ بھی رکھے ہوئے تھے۔انھوں نے کہا کہ باہر ممالک سے آنے والوں کے لیے وکٹوریا اب ٹیسٹنگ ضروری قرار دے رہا ہے۔ ریاست میں اتوار کو 49 متاثرین سامنے آئے ہیں۔ یہ دو ماہ میں یومیہ متاثرین کی سب سے بڑی تعداد بنتی ہے۔